اشیاء کا عظیم دینی مرکز دارالعلوم دیوبند نے اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو ایک پانچ نکاتی میمورنڈم بھیج کر مسلمانوں کا عظیم تہوار عیدالاضحی پر عیدگاہ میں نماز اداکرنے اور قربانی کے لیے مویشیوں کی خریدوفروخت کرنے سے متعلق اجازت اور واضح ہدایات جاری کرنے کامطالبہ کیا ہے۔
آج دارالعلوم دیوبند کے کارگزار مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی نے ایس ڈی ایم دیوبند راکیش کمار سنگھ کے توسط سے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے نام ایک پانچ نکاتی میمورنڈم بھیجا ہے۔
ارسال کیے گئے میمورنڈم میں کہاگیا ہے کہ اب عیدالاضحی کاتہوار بالکل نزدیک ہے چونکہ مذہب اسلام میں قربانی بہت بڑی عبادت ہے اور اس کا کوئی دوسرا متبادل بھی نہیں ہے۔ میمورنڈم میں یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ پورے ملک میں کورونا انفیکشن کی وجہ سے مختلف قسم کی پابندیاں نافذ ہیں، اس لیے تہوار کی تیاری میں مسلمانوں کو مشکلات کاسامنا کرناپڑ رہا ہے، جس کی وجہ سے غیر اطمینان بخش حالات بنے ہوئے ہیں۔
میمورنڈم میں مطالبہ کیاگیا ہے کہ عید الاضحی کے مد نظر تاریخ اور دنوں کے اعتبار سے سنیچر اور اتوار کے روز کا لاک ڈاﺅن ملتوی کیا جائے تاکہ عیدالاضحی کی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ اس کے علاوہ عیدالاضحی کی نماز سوشل ڈسٹینسنگ کے ساتھ عیدگاہ میں اداکرنے کی اجازت دی جائے۔'
کارگزار مہتمم نے کہا کہ' ان لاک کے باوجود بہت سے مقامات پر مویشیوں کے بازار لگانے کی مقامی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہیں دی جارہی ہے اور قربانی کے لیے مویشیوں کولانے اور لے جانے والوں کا استحصال کیا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں اجازت کے ساتھ واضح ہدایات جاری کی جائیں۔'