سی بی آئی کی ٹیم نے غازی آباد کی ٹریننگ اکیڈمی میں تعینات معطل ڈی ایس پی راجیو کمار رشی کے دیوبند کے ریلوے روڈ پر واقع لاجپت نگر میں مکان پر چھاپہ ماری کی۔ آٹھ گاڑیوں میں سوار ہوکر آئے سی بی آئی کے درجنوں افسران آٹھ گھنٹے بعد بھی شام پانچ بجے تک معطل ڈی ایس پی کے گھر میں ہی موجود تھے۔ اس دوران ٹیم نے جہاں راجیو کمار رشی کے گھر میں سخت اور باریک بینی کے ساتھ چھان بین کی وہیں ان کے ایک قریبی دوست سے بھی گھنٹوں پوچھ گچھ کی۔
سی بی آئی کے اچانک چھاپہ ماری سے جہاں پورے علاقہ کے لوگ حیرت زدہ تھے وہیں کالونی کے لوگ بھی چہ مہ گوئیاں کر رہے تھے۔ سی بی آئی نے میڈیا سمیت کسی کو بھی گھر کے آس پاس تک آنے نہیں دیا۔ حالانکہ سی بی آئی ٹیم صبح مقامی پولیس کے ساتھ راجیو رشی کے گھر پہنچی تھی لیکن گھر کے گیٹ سے ہی مقامی پولیس کو واپس کر دیا گیا تھا۔ حالانکہ اس دوران دو ہوم گارڈز کی ڈیوٹی گھر کے باہر رہی۔ ٹیم کے ایک دو مرتبہ باہر آنے پر وہاں موجود میڈیا اہلکاروں نے ان سے بات کرنے کی کوشش کی تو ٹیم نے کسی سے بھی بات چیت کرنے سے انکار کر دیا۔