ریاست اتراکھنڈ کے پہاڑی اضلاع میں مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے ندیوں اور نہروں میں پانی کافی زیادہ ہے، ریاست کے تقریبا تمام خطے سے مٹی کے تودے گرنے اور شاہراہیں بند ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔
آج رشیکیش اور بدری ناتھ شاہراہ پر کوڑیالہ بویاسی کے قریب ایک پوری پہاڑی سیکنڈوں میں گرگئی، جس کی وجہ سے رشیکیش بدری ناتھ شاہراہ NH-58 پوری طرح سے پر بند ہوگیا۔
رشیکیش بدری ناتھ شاہراہ پر لینڈ سلائڈ سے روڈ بلاک اس واقعے کے بعد سے دونوں اطراف کی گاڑیاں روک دی گئی ہیں۔ قومی شاہراہ کے عہدیدار اور کارکنان سڑک سے ملبہ ہٹانے کے لیے مستقل کام کر رہے ہیں۔ گاڑیاں نریندر نگر۔ ٹیہری ملیتھا کے راستے سری نگر روانہ کی جارہی ہیں۔
پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ این ایچ ڈویژن کے ایگزیکٹو انجینیئر دنیش بیجلوان نے بتایا کہ سڑک دو جگہوں پر بند ہے۔ توتاگھاٹی میں تین پوکالینڈ اور ایک جے سی بی مشین نصب کی گئی ہے جبکہ کوڑیالہ میں 2 پوکالینڈ لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کو کھولنے کے لئے تمام کوششیں کی جارہی ہیں۔