رانچی کے نواح میں آئی ای ڈی دھماکے میں دو سکیورٹی اہلکار اس وقت زخمی ہوگئے جب سی آر پی ایف کے اہلکار صبح تامر اسمبلی سیٹ پر ووٹنگ کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔
پولیس کے مطابق سی آر پی ایف کے اہلکار تامر اسمبلی سیٹ پر رائے شماری کے بعد اتوار کی صبح واپس آرہے تھے کہ ماؤنواز گوریلا نے آئی ای ڈی دھماکہ کیا جس میں دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو علاج کے لیے رانچی کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ہفتے کے روز ماؤنواز گوریلاوں نے ضلع خوتی کے آرکی میں سکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کیا تھا۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے بعد ماؤنواز فرار ہوگئے۔
واضح رہے کہ ریاست کی 20 اسمبلی نشستوں پر پولنگ کا دوسرا مرحلہ ہفتے کے روز ہوا۔ پولنگ 64 فیصد تھی جو 2014 کے مقابلے میں تقریبا چار فیصد کم ہے۔