جھارکھنڈ میں ضلع گڑھوا کے رمنا تھانہ علاقہ میں آج صبح ٹرک اور اسكارپيو کے درمیان ہوئی شدید ٹکر سے رکن اسمبلی کے بھانجے سمیت پانچ افراد کی دردناک موت ہوگئی جس کی وجہ سے علاقے میں ماتم ہے۔
سڑک حادثے میں پانچ افراد کی موت تھانہ انچارج لال بہاری پرساد نے بتایا کہ قومی شاہراہ 75 گڑھوا نگر اونٹاری پر پرسوان گاؤں کے نزدیک ٹرک اور سكارپيو کے درمیان شدید ٹکر ہو گئی جس میں دو افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ تین دیگر شدید زخمی ہو گئے ۔
زخمیوں کو فوری طور پر گڑھوا صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں علاج کے دوران دو دیگر نے بھی دم توڑ دیا۔
پرساد نے بتایا کہ ایک شخص کو نازک حالات میں رانچی کے راجندر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز بھیجا گیا لیکن راستے میں اس کی بھی موت ہو گئی ۔
انہوں نے بتایا کہ مہلوکین میں سے ایک کی شناخت رکن اسمبلی بھانو پرتاپ سنگھ کے بھانجے پرشانت سنگھ (45) کے طور پر کی گئی جبکہ چار دیگر کے ناموں کا فوری طور پتہ نہیں چل سکا ہے ۔
حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور اور کنڈیکٹر موقع سے فرار ہو گئے ۔ تھانہ انچارج نے بتایا کہ حادثے میں سكارپيو گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ 16 چكہ ٹرک سے ٹکرانے کی وجہ سے سكارپيو کے اندر مہلوکین اور زخمی بری طرح پھنسے ہوئے ہوئے تھے جنہیں گیس کٹر کی مدد سے نکالا گیا ہے ۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے ۔