کرول میں تاریخی چشمہ 'کالا پانی' حکومت اور انتظامیہ کی لاپرواہی کا شکار ہے، عقیدت مندوں کو غسل خانہ نہ ہونے سے کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
یہ چشمہ کرول کے مقام پر دریائے چناب کے بائیں کنارے پر واقع ہے۔ یہاں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی غسل خانہ میسر نہ ہونے کی وجہ سے کھلے میں غسل کرنا پڑتا ہے۔ جس کے باعث خواتین کو کافی پریشان ہونا پڑتا ہے۔
”شفا بخشنے والا چشمہ اب پریشانیوں کا سبب بن رہا ہے” اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کو بار بار تحریری طور شکایت کرنے باوجود محکمہ دیہی ترقی نے یہاں غسل خانے کی تعمیر نہیں کرایا۔ جس کی وجہ سے خاص کر خواتین کو زبردست مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق ضلع صدر مقام رامبن سے پانچ کلومیٹر دوری پر کرول کے مقام پر 'کالا پانی' پر صبح سے ہی دیر شام تک بزرگ، مستورات، چھوٹے بچے اپنے مرض کی شفا کے لیے یہاں نہانے آتے ہیں۔ ان کے مطابق اس پانی سے نہانے کے بعد کسی بھی قسم کے امراض جلد سے شفا ملتی ہے۔
کالا چشمہ کے پانی کے لیے وادی چناب کے مختلف اضلاع کے علاوہ وادی کے مختلف علاقوں سے جلد کی بیماری دور کرنے کے لیے یہاں مریضوں کا اژدھام لگا رہتا ہے۔
کشمیر کے ککرناگ سے تعلق رکھنے والے ایک معذور شخص فرید احمد نے کہا ہم اتنی دور سے یہاں غسل کے لیے آئے تھے، غسل خانہ نہ ہونے کی وجہ سے خواتین کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں قیام کا انتظام بھی نہیں ہے۔
لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے فوری طور پر اس چشمے کے اطراف میں غسل خانے کی تعمیر کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔