اردو

urdu

'سیمانچل کی تصویر اور تقدیر بدلنے کے لیے ہمیں خود میدان میں آنا ہوگا'

By

Published : Oct 5, 2020, 5:12 PM IST

سیمانچل کی بے بسی، نمائندوں کی بے حسی اور حکومت کے مسلسل نظر انداز کرنے کی وجہ سے یہ خطہ اب تک بدحال ہے اور اسے دور کرنے کا دعوی کرتے ہوئے کشن گنج کے ٹھاکر گنج اسمبلی حلقہ سے مجلس اتحاد المسلمین کے سب سے مضبوط امیدوار زین العابدین نے کہاکہ ہمیں سیمانچل کی بے بسی، بے کسی کو دور کرنے اور اس کی تصویر اور تقدیر بدلنے کے لئے ہمیں خود میدان میں آنا ہوگا۔

Zain ul Abideen
زین العابدین

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار ماہ سے یہ علاقہ مسلسل سیلاب کی مار جھیل رہا ہے، سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، بہت سی جگہ پل نہیں ہیں اور کہیں کہیں ہیں بھی تو ٹوٹی ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے اس خطہ کے لوگ پریشانی میں مبتلا ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ آخر آزادی کے 73 سال کے بعد یہ علاقہ دوسرے علاقہ سے پسماندہ اور پچھڑا ہوا کیوں ہے؟ آزادی کی نعمت اس علاقے میں کیوں نہیں پہنچی، اس کا ذمہ دار کون ہے۔ یہاں کے عوام ہیں یا یہاں کے نمائندے ہیں، جن کو ہم نے منتخب کر کے اسمبلی اور پارلیمنٹ میں بھیجا تھا تاکہ وہ ہمارے ان مسائل کو حل کرسکیں لیکن ہوا کیا۔ اس پر سیمانچل کے خطہ کے لوگوں کو غور کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کمی ہماری لیڈر شپ میں ہے اور کچھ حد تک عوام میں بھی کیوں کہ انہوں نے اپنے نمائندوں سے سوال نہیں کیا کہ ہم آخر اس قدر پچھڑے ہوئے کیوں ہیں؟ بغیر پل، بغیر سڑک، بغیر فیکٹری، بغیر ہسپتال اور بغیر یونیورسٹی کے کیوں ہیں؟ اگر عوام نے سوال کیا ہوتا تو صورت حال دوسری ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے کے نمائندوں نے اپنے خاندان کی ترقی، اپنے خاندان کی تعلیم کو ہی یہاں کے عوام کی ترقی اور تعلیم سمجھتے رہے۔
مسٹر زین العابدین نے کہا کہ یہاں کے عوام کو اپنا نظریہ بدلنا ہوگا اور جوابدہ نمائندوں کو منتخب کرنا ہوگا تاکہ ان سے سوال کیا جا سکے، وہ آپ کے درمیان ہوں۔ ان کے اندر ویژن اور وزن ہو، کام کرنے کی صلاحیت ہو، عزم ہو، حکومت کی اسکیموں اور پروجیکٹ سے واقف ہوں اور حکومت کے پروجیکٹوں اور اسکیموں کو لانے کے ہنر سے واقف ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس خطے کے لوگوں حساس امیدوار کو منتخب کرنا ہوگا تاکہ وہ یہاں عوام کے تکلیفوں کو سن اور سمجھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر مجلس اتحاد المسلمین نے انہیں ٹکٹ دیا اور ٹھاکر گنج کی عوام نے انہیں منتخب کیا تو وہ اس علاقے کی تصویر اور تقدیر بدلنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے انہوں نے روڈمیپ بھی تیار کر لیا ہے۔ اب عوام کو طے کرنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مسٹر زین العابدین نے ٹھاکر گنج اسمبلی حلقہ کے لیے ایم آئی ایم کے ذمہ داروں کو اپنا بائیو ڈیٹا اور پروفائل سونپ دیا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details