آٹھویں مرحلے کی ووٹنگ انتہائی نکسل متاثر علاقوں میں ہونا ہے، جسکے سبب پولیس کے سامنے واردات کے بغیر انتخابات کرانا بڑا چیلنج ہے۔
ضلع گیا میں کل بدھ کو دو بلاکس امام گنج اور ڈومریا میں پنچایت انتخابات کے تحت ووٹنگ ہونی ہے۔ یہ دونوں بلاکس ضلع کے سب سے زیادہ حساس اور نکسل متاثر ہیں۔ یہ وہی علاقہ ہے جہاں گزشتہ چودہ نومبر کو نکسلیوں نے ایک ہی کنبہ کے چار افراد کو پھانسی دے کر ہلاک کیا تھا۔
نکسلیوں نے اس علاقے میں اب تک چار مرتبہ پرچہ چسپاں کر کے انتخاب کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی آج 23 نومبر سے نکسلیوں کی طرف سے بہار اور جھارکھنڈ و جھتیس گڑھ کو تین دنوں تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ایسی صورت حال میں ضلع کے سب سے حساس بلاکس میں ووٹنگ کرانا نہ صرف الیکشن کمیشن کے لیے چیلنج ہے بلکہ پولیس کے لئے بھی بڑی مصیبت ہے۔ نکسلیوں کی بندی کے پہلے دن امام گنج اور ڈومریا بلاک کے سبھی بازار بند رہیں۔ نکسلیوں کا خوف ایسا ہے کہ ایک بھی سواری گاڑی نہیں چلی ہے۔