ریاست بہار کے ضلع بھاگلپور میں تیزاب متاثرہ خاتون نے اپنے شوہر اور اس کے دوستوں پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ خاتون کاکہنا ہے کہ' شوہر اپنے دوستوں کے ساتھ سٹا کھیلتے میں اسے ہار گیا اس کے بعد شوہر نے اسے ان سٹے بازوں کے حوالے کردیا۔ خاتون کا الزام ہے کہ سٹے بازوں نے ایک ماہ تک اس کو یرغمال بنایا اور اس کے ساتھ بدسلوکی کی تمام حدیں پار کردیں۔
معاملہ مجاہد پور تھانہ علاقے سے متعلق ہے۔تیزاب متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اس کا شوہر اسے سٹے میں ہار گیا تھا۔ جس کے بعد دوسرے سٹے باز اسے اپنے ساتھ لے گئے اور اس کے ساتھ زیادتی کی۔ صرف یہی نہیں، جب وہ عورت ان سٹے بازوں کی قید سے آزاد ہوکر گھر لوٹی تو اس کے شوہر نے اس پر تیزاب ڈال دیا اور اسے کمرے میں بند کردیا۔ اپنے شوہر کے اس جارحانہ عمل کے بعد خاتوں کے سسرال والوں نے بھی اسے زدوکوب کیا اور اس خوف سے کہیں متاثرہ خاتون اپنے اوپر ہوئی زیادتی سے متعلق معاملات تھانے میں نہ کہ دے اسے مسلسل قید میں رکھا۔