شاہنواز حسین پریس کانفرنس میں کہا کہ بہار کی عوام اس اسمبلی انتخاب میں ایسی کوئی غلطی نہیں کرے گی جس کا خمیازہ اسے پھر لالو رابڑی کے دور اقتدار کی یاد دلائے۔
اس برس بہار کے دو سو سے زیادہ نشستوں پر قبضہ: شاہنواز حسین - چراغ پاسوان
نتیش حکومت نے گزشتہ پندرہ سال میں جو ترقیاتی کام کیے ہیں وہ جگ ظاہر ہے، اسے بتانے یا دکھانے کی ضرورت نہیں، بہار کی عوام نے پندرہ سال لالو رابڑی کی حکومت کو بھی دیکھا اور پندرہ سال نتیش حکومت کو بھی۔ ان پندرہ سالوں میں بہار میں جو ترقیاتی کام ہوئے ہیں اس نے سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ مذکورہ باتیں بی جے پی کے سینئر لیڈر و قومی ترجمان سید شاہنواز حسین نے آج ارریہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
شاہنواز حسین نے مزید کہا کہ این ڈی اے اتحاد پوری طرح مضبوط ہے، مخالف پارٹی کو کسی طرح بھرم نہیں رکھنا چاہیے کہ ہماری اتحاد میں کسی طرح کی کوئی دشواری ہے۔ عظیم اتحاد اب صرف نام کا عظیم رہ گیا ہے، جتنے بھی عظیم لوگ تھے سب این ڈی اے اتحاد میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں شاہنواز حسین نے کہا کہ لوجپا بھی ہماری اتحاد کا حصہ ہے۔ چراغ پاسوان ہمارے اتحاد کے چراغ ہیں، کچھ باتیں ہیں جسے بہت جلد آپس میں مل بیٹھ کر ٹھیک کر لیا جائے گا۔
شاہنواز حسین نے کہا کہ اس بار ارریہ کے چھ اسمبلی نشستوں میں این ڈی اے کا قبضہ ہوگا اور خاص طور سے ارریہ اور جوکی ہاٹ اسمبلی ہماری نظر میں ہے۔ یہاں کی عوام نے وزیر اعظم نریندر مودی کو دل سے مانا ہے، ان کی ترقیاتی کاموں سے خوش ہیں۔ پارلیمانی انتخاب کی طرح اسمبلی انتخاب میں بھی یہاں کی عوام این ڈی اے اتحاد کو اکثریت کے ساتھ فتح کرے گی۔ اس موقع پر رکن پارلیمان پردیپ کمار سنگھ بھی موجود تھے۔