بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اہم اپوزیشن راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) کے سابق قومی نائب صدر ڈاکٹر رگھونش پرساد سنگھ سے متعلق آڑجے ڈی اور پارٹی سپریمو لالو پرساد یادو کا نام لئے بغیر ان پر نشانہ لگایا اور کہاکہ ڈاکٹر سنگھ کو ان لوگوں نے ہی دھوکہ دیا جن کے لئے وہ تاعمر کھڑے رہے۔
جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو) کے قومی صدر نتیش کمار نے مظفر پور اور ویشالی ضلع میں این ڈی اے امیدواروں کے حق میں منعقدہ انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ” ڈاکٹر رگھونش پرساد سنگھ کے ساتھ میرا تعلق ایمرجنسی کے وقت سے ہی تھا، انہیں ان لوگوں نے ہی دھوکہ دیا جن کے لئے وہ زندگی بھر کھڑے رہے، ایسے لوگوں کا ترقی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے وہ صرف اقتدار کی سیاست میں ملوث ہیں'۔
نتیش کمار نے آرجے صدر یادو پر طنز کرتے ہوئے ووٹروں سے پوچھا کہ ’ ’ وہ ایسے لیڈر ہیں جن کے آٹھ ۔ نو بچے ہیں اور ان میں سے سات بیٹیاں ہیں لیکن انہیں بیٹیوں پر کوئی اعتماد نہیں ہے، کیا اس طرح کے اخلاق کی پیروی آپ کرنا چاہتے ہیں“۔
وزیراعلیٰ نے اپوزیشن پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاکہ ان کی توجہ کام پر ہے ، تشہیر میں نہیں ۔ کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جو صرف وعدے کرنے میں یقین رکھتے ہیں۔ ان کی حکومت نے ہر گاﺅں کو سڑکوں سے جوڑاہے ۔ سات نشچے کے ایک حصے کے طور پر ہر ضلع میں تعلیمی ادارہ قائم کئے گئے ہیں۔