وزیراعلیٰ نتیش کمارنے آج ادھیویشن بھون میں صحت محکمہ کے 2,705.35 کروڑ روپے کے 989 پروجیکٹوں کا ریمورٹ کے توسط سے سنگ بنیا،کام کی شروعات ، افتتاح اور اجرا کیا ۔اس میں 1,503.06کروڑ روپے کے 872 منصوبوں کا سنگ بنیاد ،521.74 کروڑ روپے کی لاگت کے دومنصوبوں کے کام کی شروعات ،39.9کروڑ روپے کے 108 منصوبوں کا افتتاح کیا گیا اور 281.55 کروڑ روپے کے 7منصوبوں کا اجراء شامل ہے۔
اس موقع پر منعقد پروگرام کو خطاب کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کے پروگرام کے لیے بطور خاص محکمہ صحت کو مبارکباد دیتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سال 2006 کے فروری مہینے میں سروے کرایا تھا جس میں پتہ چلا کہ ایک پی ایچ سی پر علاج کے لیے پورے ایک ماہ میں 39مریض جاتے تھے ۔ صحت کی سہولیات کو بہتر کیا گیا ، ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ دوا کا انتظام کیا گیا اور اب اوسطاً ایک مہینے میں ایک پی ایچ سی پر علاج کے لیے 10ہزار لوگ پہنچ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مریض علاج کے لیے فکر مندرہتے تھے ، اس تعلق سے صحت کے شعبہ میں بہت کام کیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری خواہش تھی کہ تمام مقامات پر ڈاکٹر کی سہولت فراہم رہے ۔ اس سلسلہ میں آج بڑی تعداد میں کئی منصوبوں کی شروعات کی گئی ہے ۔ پہلے بہار کے لوگوں کو علاج کے لیے باہر جانا پڑتا تھا ۔ ایک مرتبہ ہم لوگوں نے سروے کرایا تو پتہ چلا کہ کھانے سے زیادہ لوگوں کو دوا پرخرچ ہو تا تھا ۔ تو ہم لوگوں نے فیصلہ کیا کہ اسپتالوں میں علاج کے ساتھ ساتھ دوا کی فراہمی کرائیں گے اور لوگوں کے لیے مفت دوا کا انتظام کرا یا گیا ۔ پہلے کی حالت اور آج کی حالت میں کتنی تبدیلی آئی ہے یہ کسی سے چھپا ہوا نہیں ہے ۔