پٹنہ:اس وقت دنیا میں عموماً اور ہندوستان میں خصوصاً بے چینی اور عدم رواداری، عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جا رہا ہے اور سماجی تحفظ کو کئی سطح پر شدید خطرات لاحق ہیں، ایسے حالات میں رسول اللہﷺ کی سیرت اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں دنیا کی رہنمائی کی جائے اور اس چیز کو واضح کیا جائے کہ مذہبی رواداری، حقوق کا تحفظ، امن بھائی چارگی، عدل و انصاف اور ہر قسم کے تعصبات سے پاک سماج کی تشکیل صرف اسلام ہی کے ذریعہ ممکن ہے۔ اس مہینہ میں نبی کریمﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے اور مسلمانوں میں ملی اتحاد و مضبوط کرنے و عام انسانوں میں اکرام انسانیت کا جذبہ پیدا کرنے کی کوشش کی جائے۔
مذکورہ باتیں آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ آل انڈیا ملی کونسل صوبائی سطح پر اس پورے مہینے کو سیرت کے مہینے کے طور پر منائے گی اور اس کے لئے شہر کے مختلف تاریخوں میں سیرت رسول اللہﷺ کے عنوان سے پروگرام کرے گی۔
مزید پڑھیں:پٹنہ: نومنتخب امیر شریعت کے ہاتھوں شارب ضیاء رحمانی کی کتاب کا اجراء