آزادی کے بعد سے ملک میں ہر سطح پر مسلم قوم تعصب و تنگ نظری کی شکار ہوتی رہی ہے، اسے ہر محاذ پر مسلسل محرومی، ناکامی، اور پسماندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے، بالخصوص مومن برادری کو سیاسی ہو یا سماجی ہر سطح پر نظر انداز کیا گیا ہے، جبکہ مسلم قوم میں سب سے زیادہ کسی برادری کی آبادی ہے تو وہ انصاری برادری ہے۔ جو کہ مسلمانوں کی آبادی کا 80 فیصد حصہ ہے۔ اس کے باوجود سیاسی و سماجی طور پر ہماری کتنی نمائندگی ہے؟ سیاسی رہنماوں کو ہمارے مسائل سے نہیں ہمارے ووٹ سے مطلب ہے۔ اب ایسا نہیں چلے گا۔ جو پارٹی ہمیں حصہ داری دے گی ہم اس کے ساتھ ہوں گے، جو نہیں دے اس کے ساتھ کھڑے نہیں ہوں گے۔
مذکورہ باتیں پٹنہ میں منعقد نیشنل مومن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مومن کانفرنس کے قومی صدر و سابق ریاستی وزیر ڈاکٹر شکیل الزماں انصاری نے کہی۔
ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ نیشنل مومن کانفرنس ایک غیر سیاسی تنظیم ہے، اس کا واضح موقف ہے کہ آپ خواہ کسی بھی جماعت، تنظیم یا ادارہ سے تعلق رکھتے ہوں، لیکن نیشنل مومن کانفرنس کی بنیادی پالیسیوں اور اغراض و مقاصد سے اگر آپ اتفاق رکھتے ہیں توآپ بھی اس سے جڑ سکتے ہیں اور اپنی برادری کے لیے آواز بلند کر سکتے ہیں۔