ریاست بہار میں آئے دن بڑھتے جرائم کے پیش نظر پولیس ہید کوارٹر اے ڈی جی جیتندر کمار نے سبھی اضلاع کے ایس پی کو حکم دیا ہے کہ' وہ رات کے وقت پیدل گشت اور پولیس پٹرولنگ کے دوران کسی بھی طرح کی لاپرواہی نہ برتیں۔
رات میں گشت کے بجائے ڈیوٹی کےدوران سونے والے پولیس اہلکاروں پر اب سختی سے نظر رکھی جا رہی ہے، پولیس ہیڈکوارٹر کے مطابق سبھی گشت کرنے والے پولیس اہلکاروں کی اب (جی پی ایس) یعنی گلوبل پوزیشننگ سسٹم کے ذریعے ان کے لوکیشن کو ٹریس کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ ڈیوٹی کے دوران کوئی بھی پولیس اہلکار سائے نہیں، بلکہ پوری تندہی سے اپنا کام انجام دے، ساتھ ہی ایس پی اور ڈی ایس پی رینک کے سبھی افسران کو ان کی مانیٹرنگ کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
پولیس ہیدکوارٹر کے مطابق لوٹ چوری قتل جیسے معاملات اکثر و بیشتر رات کے وقت میں ہی انجام پاتے ہیں لہذا ایسے میں پولیس اہلکاروں کو پیدل و گاڑی کے ذریعے علاقے کی دیکھ ریکھ کرنا لازمی ہے۔ساتھ ہی 100 نمبر پر پولیس اہلکاروں کو 24 گھنٹے تعینات رہنا ضروری ہے۔ 100 نمبر پر فون آنے پر اگر کال ریسیو نہیں کی گیئ تو پولیس اہلکاروں پر کارروائی کی جائے گی۔
اس تعلق سے سبھی تھانوں کو یہ اطلاع دی گئی ہے کہ تھانہ میں لگے لینڈ لائن فون پر جب بھی کال آئے اسے ضرور ریسیو کریں اور فورا اس معاملے پر کارروائی کریں اس کے ذریعے ہی آئے دن بڑھتے جرائم پر قدغن لگایا جا سکتا ہے۔