پٹنہ: بہار کی سیاست میں ایک بار پھر دلچسپ موڑ آنے والا ہے، یہاں دو نشستوں پر ہونے والے اسمبلی ضمنی انتخاب کو لیکر ایک بار پھر سے سیاست تیز ہوتی جا رہی ہے، انتخاب سے قبل ہی عظیم اتحاد اور این ڈی اے اتحاد جیت کی دعویداری کرنے لگی ہے۔ بہار میں جن جگہوں پر ضمنی انتخاب ہونے والے ہیں، ان میں دربھنگہ کے کوسیشور استھان اور جموئی کے تارا پور اسمبلی حلقے شامل ہیں۔ یہ دو سیٹ جے ڈی یو کے قبضے میں تھی، کوسیشور استھان سے سشی بھوشن ہزاری رکن اسمبلی تھے وہیں تارا پور سے میوا لال چودھری رکن اسمبلی تھے۔ دونوں اراکین اسمبلی کا کچھ دنوں قبل انتقال ہو گیا تھا، جس کے بعد سے یہ سیٹ خالی ہوئی اور اس پر عنقریب انتخاب ہونا ہے حالانکہ اب تک انتخاب کے تاریخ کا اعلان نہیں ہوا ہے۔
ریاستی وزیر صنعت اور بی جے پی کے قومی ترجمان سید شاہنواز حسین نے ابھی سے ہی جیت کا دعویٰ کرنے لگے ہیں۔ بی جے پی ریاستی دفتر میں منعقد پریس کانفرنس سے مخاطب شاہنواز حسین نے کہا کہ ان دونوں نشستوں پر این ڈی اے اتحاد جیت درج کرے گی۔ چونکہ یہ سیٹ پہلے سے بھی این ڈی اے اتحاد کے پاس رہی ہے اور بہار میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ اس سے عوام بالکل مطمئن ہے، وہ ایسے ہی امیدوار کو اپنا قیمتی ووٹ دے گی جس کا امیدوار این ڈی اے اتحاد کا ہوگا۔