پٹنہ صاحب سیٹ پر ڈھائی عشرے سے بی جے پی کا بھگوا جھنڈا لہراتا رہا ہے۔ نند کشور یادو یہاں کے انتخابی پچ پر سکسر لگا چکے ہیں۔ ساتویں مرتبہ جیت کا سہرا اپنے نام کرنے کے ارادے سے انتخابی میدان میں اترے مسٹر یادو کو چیلنج دینے کے لئے عظیم اتحاد کا حصہ کانگریس نے پروین کشواہا پر داؤ لگایا ہے۔ اس سیٹ پر مجموعی طور سے بائیس امیدوار انتخابی میدان میں اترے ہیں جن میں اٹھارہ مرد اور چار خواتین شامل ہیں۔
مسٹر یادو نے پٹنہ صاحب سیٹ سے سال 1995 میں بی جے پی کے ٹکٹ سے پہلی مرتبہ انتخابات لڑا تھا اور اس وقت کے رکن اسمبلی جنتا دل کے امیدوار مہتاب لال سنگھ کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ اس کے بعد جیت کا سلسلہ بدستور سال 2015 کے اسمبلی انتخابات تک جاری رہا۔
سال 2015 میں مسٹر یادو سے ٹکر لینے کے لیے آر جے ڈی نے پٹنہ نگر نگم کے نائب جنرل سکریٹری رہ چکے اور کبھی نندکشور یادو کو اپنا سیاسی گرو بتانے والے سنتوش مہتاب کو ٹکٹ دیا۔ بی جے پی کے مسٹر یادو نے آر جے ڈی کے مسٹر مہتہ کو سخت مقابلے میں 2792 ووٹوں کے فرق سے شکست سے دو چار کیا۔
داناپور اسمبلی حلقہ سے پانچویں مرتبہ جیت حاصل کرنے والی بی جے پی رکن اسمبلی آشا دیوی کی فتح کو روکنے کے لئے آر جے ڈی نے زورآور لیڈر اور کئی جرائم میں ملوث جیل میں قید سابق ایم ایل سی ریت لال یادو پر داؤ لگایا ہے۔ اس علاقے سے انیس امیدوار انتخابی میدان میں اترے ہیں جس میں اٹھارہ مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ سال 2010 کے انتخابی میدان میں آشا دیوی نے آزادانہ امیدوار کے طور پر انتخابات لڑکر شکست سے دوچار کیا تھا۔
سال 2015 میں بی جے پی کے امیدوار آشا دیوی نے آر جے ڈی کے راج کشور یادو کو 5209 ووٹوں سے ہرایا تھا۔ آشا دیوی نے پہلی مرتبہ سال فروری2005 کے انتخابات میں جیت حاصل کی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے اکتوبر 2005، سال 2010 اور 2015 کا انتخاب جیتا تھا۔
داناپور اسمبلی حلقہ سے کبھی بی جے پی تو کبھی آر جے ڈی کاقبضہ رہا ہے۔ آر جے ڈی کے صدر اور بہار کے سابق وزیراعلی لالو پرساد یادو دانا پور سے سال 2000 میں منتخب ہوئے تھے۔
کمہرار اسمبلی حلقہ بھی بی جے پی کا گڑھ مانا جاتا ہے۔ بہاراسمبلی کے چیف وہپ ارون کمار سنہا اس حلقہ سے مسلسل پانچویں مرتبہ جیتنے کی امید لگائے ہوئے ہیں۔
بی جے پی کے مسٹر سنہا کو چیلنج دینے کے لئے آر جے ڈی نے دھرمیندر چندرونشی کو امیدوار بنانا ہے۔ سال 2005 فروری میں بی جے پی کے ٹکٹ سے پہلی مرتبہ رکن اسمبلی بنے مسٹر سنہا نے اس کے بعد سال اکتوبر 2005، سال 2010 اور سال 2015 کا انتخاب جیتا تھا۔ اس سے پہلے بہار کے ڈپٹی وزیراعلی سشیل کمار مودی سال 1990، 1995 اور 2000 میں اس حلقہ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
سال 2015 میں بی جے پی کے مسٹر سنہا نے کانگریس کے عقیل حیدر کو37275 ووٹوں کے فرق سے ہرایا تھا۔ کمہرار اسمبلی حلقہ سے چوبیس امیدوار انتخابی میدان میں ہیں جس میں تئیس مرد ور ایک خاتون ہے۔