بودھ گیا میں دھرمیندر کمار کا پورا کنبہ مشروم کی کاشت کرکے ترقی کے نئی بلندیوں کو حاصل کررہا ہے۔ ریاستی حکومت کے محکمہ زراعت کی جانب سے ضلع کے تمام کسانوں کو مشروم کی کاشت کے لیے تربیت یافتہ بنایا جارہا ہے۔
محکمہ زراعت کسانوں کو مشروم کی کاشت کے طریقہ کار اور اس کے فائدے سے متعلق تمام معلومات فراہم کرتا ہے ۔مشروم کی کھیتی کس طرح اور کیسے منافع بخش ہوگی اور اس سے مالی فائدہ کس طرح حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اس کی تربیت محکمے کی جانب سے دی جا رہی ہے۔
گیا کے مانپور کے شیخ بگہا کے رہائش پذیر دھرمیندر کمار اپنے بیٹے اور اہلیہ کے ساتھ مل کر اپنے گھر میں مشروم کی کھیتی کرتے ہیں۔ ان کے گھر کے تمام افراد نے مشروم کی کھیتی کرنے کی تربیت حاصل کی ہے اور اس تربیت سے استفادہ کرکے کافی مسرور بھی ہیں۔
دھرمیندر کی آمدنی کا ذریعہ مکمل طور پر کاشتکاری پر منحصر ہے اور سال کے سبھی موسم کی فصل کی کاشت کرنے کے باوجود انہیں فائدہ حاصل نہیں ہو رہا تھا، تاہم اب مشروم کی کاشت کرکے ان کی معاشی حالت کافی مستحکم ہوگئی ہے۔