چارہ گھوٹالہ میں ضمانت پر رہا ہونے کے بعد راشٹریہ جنتا دل ( آر جے ڈی) صدر لالو پرساد یادو نے پیر کو اپنے پہلے سیاسی خطاب میں مرکز میں برسر اقتدار نریندر مودی حکومت پر جم کر نشانہ لگایا اور کہا کہ اس کی غلط پالیسیوں اور کورونا وبا سے صحیح طریقے سے نہ نمٹنے کی وجہ سے ملک ہزاروں سال پیچھے چلا گیا ہے۔
یادو نے پیر کو پٹنہ میں آر جے ڈی کے ریاستی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پارٹی کے 25 ویں یوم تاسیس تقریب کو نئی دہلی سے ورچوئل طریقے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’نریندر مودی حکومت نے اپنی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو ہزاروں سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’یہ بس اشیا پر سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) لاگو کرنے اور نوٹ بندی سے شروع ہوا، جو ابھی بھی جاری ہے۔ اس کی وجہ سے ملک ابھی بے حد خراب حالت میں پہنچ گیا ہے۔‘‘