بارش کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ شمالی بہار میں جمعرات اور جمعہ کو موسلادھار بارش ہو سکتی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ان دو دنوں میں سیمانچل کے ارریہ اور کشن گنج ضلع کو ریڈ زون میں رکھا گیا ہے جبکہ مشرقی و مغربی چمپارن، گوپال گنج، سیوان، سارن، مدھوبنی، مظفرپور، دربھنگہ، ویشالی، شیوہر، سمستی پور، سپول، پورنیہ، سہرسہ اور مدھے پورا کو اوریج زون میں رکھا گیا ہے۔ ریڈ زون کا مطلب ان علاقوں میں بھاری بارش ہو سکتی ہے، جس کا اثر یومیہ زندگی پر پڑے گا۔
محکمہ موسمیات کے پیشن گوئی کے مطابق آج ارریہ میں صبح سے لگاتار موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ آج صبح چھ بجے سے آسمان میں کالے بادل چھانے لگے، ساتھ ہی تیز ہوا بھی بہنے لگی، پھر کچھ دیر بعد ہی بارش شروع ہو گئی جو تاہنوز جاری ہے۔ موسلادھار ہو رہی بارش سے یومیہ زندگی متاثر ہو گئی ہے۔ لوگ اپنے اپنے گھروں میں قید ہیں۔ اس بارش نے یومیہ مزدوروں کی روزی روٹی کو متاثر کیا ہے۔ بارش کی وجہ سے مزدور طبقہ بھی باہر نہ نکلنے کو مجبور ہیں۔