ریاست بہار کے ضلع مونگیر میں ڈی آئی جی منو مہاراج امن کو برقرار رکھنے کے لیے سڑکوں پر گشت کرکے لوگوں سے مستقل اپیل کر رہے ہیں کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں اور امن برقرار رکھنے میں پولیس کی مدد کریں۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے بات کرتے ہوئے ڈی آئی جی نے بتایا کہ ضلع کے 4 پولیس اسٹیشنوں کو نذر آتش کردیا گیا ہے جس میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
مونگیرمیں ڈی آئی جی کی عوام سے اپیل انہوں نے کہا کہ باسودیو پور پولیس اسٹیشن کے انچارج سشیل کمار سنگھ مفصیل پولیس تھانہ انچارج برجیش کمار سنگھ کو فوری طور سے معطل کردیا گیا ہےاور انہوں نے کہا کہ ملزمان کے خلاف بھی کاروائی کی جارہی ہے۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ امن و امان کو قائم کرنے میں پولیس کی مدد کریں، پولیس آپ کے ساتھ ہے، مجرموں کو کسی بھی حالت میں نہیں بخشا جائے گا۔
واضح رہے کہ پیر کے روز مونگیر میں مورتی وسرجن کے دوران تشدد برپا ہوگیا، جس کا ویڈیو بدھ کے روز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگیا تھا، ویڈیو میں پولیس لوگوں کو بے دردی سے مارتی ہوئی نظر آرہی ہے، اس حادثے کے بعد ضلع میں پولیس کے خلاف غم و غصہ پایا جارہا ہے۔