ازدواجی زندگی کو ٹوٹنے اور خاندانی شیرازے کو بکھرنے سے بچانے کے لیے جماعت اسلامی ہند بہار ریاست کے نو مقامات پر فیملی کاؤنسلنگ سنٹر قائم کرے گی۔ پٹنہ واقع مرکز اسلامی میں فیملی کاؤنسلنگ پر منعقدہ دو روزہ ورکشاپ کے اختتام پر جمعرات کواپنے خطاب میں امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کہا کہ فیملی کاؤنسلنگ سنٹر کا قیام جماعت اسلامی ہند بہار کے میقاتی منصوبہ میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاؤنسلنگ کے ذریعہ رشتوں میں پڑچکے دراڑ کو پاٹنے کی کوشش کی جائے گی۔
امیرحلقہ نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر جماعت اسلامی کے ارکان و کارکنان کے لئے کاؤنسلنگ کے پروفیشنل کورس کا نظم کیا جائے گا۔
جن نو مقامات پر فیملی کاؤنسلنگ سنٹر قائم کئے جائیں گے ان میں پٹنہ، دربھنگہ، مظفرپور، ارریہ، بہارشریف، موتیہاری، سمستی پور، رام نگر اور ہسوا شامل ہیں۔
اس موقع پر جماعت اسلامی ہند کے شعبہ اسلامی معاشرہ کے سکریٹری مولانا رضی الاسلام ندوی نے کہا کہ موجودہ دور میں مختلف اسباب کی بنا پر خاندانی نظام کو خطرہ لاحق ہے۔ شادی کے فوراًبعد شوہر اور بیوی کے درمیان اختلافات شروع ہو جاتے ہیں۔