مرکزی حکومت جتنی بھی کوشش کر لے اس ملک کے ہندو مسلم کے درمیان اتحاد نہیں توڑ پائے گی کیوں کہ ملک کی آزادی میں ہندو مسلم سیکھ عیسائی، سبھی کے آباواجداد نے قربانیاں پیش کی ہیں۔ یہ اتحاد آج کا نہیں بلکہ ایک عہد کا ہے جو مٹھی بھر لوگوں کے زہر پھیلانے سے نہیں ٹوٹے گا، اس ملک کی خوبصورتی ہی آپسی اتحاد اور بھائی چارہ ہے، یہ جب تک زندہ ہے تب تک اس ملک پر کوئی آنچ نہیں آئے گی۔
مذکورہ باتیں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلباء یونین کے جنرل سکریٹری حذیفہ عامر رشادی نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ عارف اقبال سے خصوصی بات چیت میں کہیں۔
فاربس گنج سے ارریہ آنے کے دوران حذیفہ عامر رشادی نے نمائندہ سے موجودہ حالات کے تناظر میں تفصیلی گفتگو کی اور مرکزی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت اقلیتوں کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے، اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کھلے اسٹیج سے دھمکی دیتے ہیں کہ احتجاجی کو بولی سے نہیں گولی سے مارو، کیا یہ کسی وزیر اعلیٰ کی زبان ہو سکتی ہے؟