بنگال کی کھاڑی سے اٹھنے والے طوفان کا اثر بہار میں پڑنے کی خبر سے ہی ضلع کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا تھا۔ صبح سے ہی آسمان میں بادل کے ساتھ ساتھ بوندا باندی بارش ہو رہی تھی۔ تاہم سہ پہر تین بجے کے بعد سے مسلسل موسلادھار بارش ہونے لگی۔ کچھ دیر کے لئے تیز ہوائیں بھی چلیں۔
گیا: یاس طوفان کے اثرات سے ہو رہی ہے موسلا دھار بارش
بہار کے ضلع گیا میں بھی یاس طوفان کا اثر ہے۔ سہ پہر تین بجے کے بعد موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔ یاس طوفان کا ضلع کے دیہی علاقوں میں میں زیادہ اثر نظر آرہا ہے۔ بجلی کی کڑک کے ساتھ بارش بھی ہو رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ضلع میں آسمانی بجلی گرنے کا الرٹ جاری کیا ہے۔ خاص طور پر ضلع کے شیرگھاٹی، ٹکاری ،فتح پور کے علاقوں میں بجلی کے امکانات بتائے گئے ہیں حالانکہ ضلع گیا میں تیز رفتار سے ہوا ابھی تک نہیں چلی ہے تاہم بارش موسلا دھار ہوئی ہے۔ رک رک کر بارش ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
ضلع گیا کے شیرگھاٹی اور اسکے اطراف میں زیادہ بارش ہورہی ہے۔ شہری و دیہی علاقوں میں یاس طوفان کے اثرات کے پیش نظر بجلی کی فراہمی بند کردی گئی ہے۔ ضلع کے باشندوں سے گھر میں ہی رہنے کی اپیل کی گئی ہے، حالانکہ جس طرح سے کچھ دنوں سے گیا میں گرمی پڑرہی تھی اس سے باشندوں کو راحت ملی ہے۔ ابھی کہیں سے آسمانی بجلی گرنے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہے۔