ایک طرف جہاں تہواروں کے موقع پر لوگ خریداری و دیگر چیزوں میں مصروف ہوتے ہیں۔ وہیں کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جن کی نظر خط افلاس سے نیچے زندگی گزار رہے ان لوگوں پر ہوتی ہے جن پر عوامی نمائندوں کی نظر نہیں ہوتی۔
ایسے میں مہیلا کلیان سمیتی نامی تنظیم نے ارریہ شہر کے ٹول ٹیکس واقع کشٹھ کالونی پہنچی اور غربت کی زندگی گزار رہے عوام و مریضوں کے درمیان لذیذ کھانا تقسیم کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے محکمہ آفات کے آفیسر شمبھو کمار و ضلع پریشد کے چیئرمین آفتاب عظیم عرف پپو عظیم شریک ہوئے۔
اس کالونی میں تقریباً تین سو لوگوں کی آبادی ہے جو کشٹھ بیماری سے متاثر ہیں، اس لئے ان لوگوں کو شہر سے الگ آباد کیا گیا ہے۔ مگر ان لوگوں کے درمیان عام دنوں کی تو دور کی بات تہوار کے موقع پر بھی سرکاری سطح پر یا پھر کسی عوامی نمائندگان کی جانب سے دلجوئی کے لئے کسی طرح کا کوئی مخصوص نظم نہیں ہوتا جس سے یہ لوگ تہوار کے موقع پر بھی اچھا کھانے پینے اور پہننے سے محروم رہتے ہیں۔
مہیلا کلیان سمیتی کی سکریٹری سشمیتا ٹھاکر و ان کی پوری ٹیم کی جانب سے اس اقدام کو کافی سراہا گیا جو یقیناً قابل ستائش ہے۔