پٹنہ:لالو پرساد یادو (Lalu Prasad Yadav) بانکا ٹریژری سے متعلق چارہ گھوٹالے کے معاملے میں آج یعنی 23 نومبر کو عدالت میں پیش ہوں گے۔ چارہ گھوٹالہ کیس (fodder scam case) میں لالو پرساد یادو سمیت 28 ملزمان آج خصوصی جج کے پرجیش کمار کی عدالت میں پیش ہوں گے، خصوصی جج پرجیش کمار کی عدالت نے تمام ملزمان کو حاضر ہونے کا حکم دیا تھا۔ لالو پرساد یادو چارہ گھوٹالہ کیس میں اب تک جھارکھنڈ کی عدالت میں پیش ہوتے تھے، لیکن اب بہار میں اس کی شروعات ہو رہی ہے۔
دراصل، یہ فرضی بل کی مدد سے بانکا سب ٹریژری (Banka Sub-treasury) سے غیر قانونی طور پر 46 لاکھ روپے نکالنے کا معاملہ ہے۔ جس میں خصوصی جج نے آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو سمیت 28 ملزمان کو عدالت میں حاضر ہونے کو کہا تھا۔
اس سے قبل اس معاملے میں جگدیش شرما، دھرو بھگت، آر کے رانا، وید جولیس، سادھنا سنگھ، تریپوراری موہن پرساد سمیت 16 ملزمان عدالت پہنچے تھے۔
سابق وزیر اعلیٰ لالو یادو سمیت تین ملزمان اپنے وکیل کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ یہ مقدمہ سال 1996 سے چل رہا ہے۔ ابتدائی طور پر کل 44 ملزمان بنائے گئے۔ اس وقت 28 ملزمان کے خلاف مقدمہ چل رہا ہے اور عدالت میں نصف درجن ملزمان کی موت کی اطلاع آئی ہے۔