بہار اسمبلی انتخابات کے لئے انتخابی کمیشن کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کیمور ضلع کے چار اسمبلی حلقوں میں دفعہ 144 کے ساتھ ساتھ انتخابی ضابطہ اخلاق بھی نافذ کیا گیا ہے اور ضروری ہدایات بھی دی گئی ہے۔
اس سلسلے میں باقاعدہ پہلی انتخابی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع انتخابی آفیسر ڈاکٹر نول کشور چودھری نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے ساتھ ہی بہار پراپرٹی ڈیفوریشن ایکٹ کے تحت خلاف ورزی کرنے والے پر سختی کے ساتھ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پورا بھبھوا اور موہنیاں سب ڈویژنل آفیسرز نے دفعہ 144 نافذ کردیا ہے۔
آفیسر نے گفتگو میں بتایا کہ کورونا انفیکشن کی وجہ سے قرنطین میں رہنے والے ووٹر یا تو پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ دے سکتے ہیں یا وہ اپنے پولنگ اسٹیشنوں میں صحت کے عہدیداروں کی نگرانی میں ووٹنگ کے آخری ایک گھنٹہ میں ووٹ دیں گے۔
ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے بتایا کہ آن لائن نامزدگی کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو آف لائن نامزدگی کرنے کی سہولت فراہم کی ہے۔ امیدوار اپنی ضمانت کی رقم آن لائن بھی جمع کراسکتے ہیں۔ کورونا کی وبا کے بعد صرف دو افراد ہی اس امیدوار کے ساتھ جاسکتے ہیں۔