خیال رہے کہ محکمہ راج بھاشہ اردو کوشانگ کی جانب سے اردو کی ترقی و ترویج کے لیے کیمور میں مسلسل چار برس سے اردو ورک شاپ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ جس کے تحت پروگرام کے پہلے دن سبھی محکمہ کے افسران و عملہ کو اردو زبان کے بارے معلومات اور تربیت دی جاتی ہے اور دوسرے روز اسکول اور کالج کے طلبہ طالبات کے مابین انعامی مقابلہ جاتی پروگرام کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
اس ضمن میں آج ضلع مجسٹریٹ نول کشور چودھری اور ایس ایس پی کیمو نے مشترکہ طور پر شمع جلا کر ورک شاپ کا آغاز کیا۔ پروگرام کی صدارت مشہور شاعر شنکر کیموری اور نظامت مشہور وکیل محمد کلیم نے کیا۔
اس موقع پر اردو کو ریاست کی اہم زبان بتاتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ نول کشور چودھری نے کہا کہ مجھے بچپن سے اردو سیکھنے کا شوق تھا۔ تھوڑا بہت جانا بھی لیکن میٹرک امتحان کے بعد شوق پورا نہ ہو سکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اردو زبان ایک باوزن زبان ہے۔ اور جنوبی ایشیا کی ایک اہم اور بڑی زبان ہے۔ یہ بھارت کی اٹھارہ قومی زبانوں میں سے ایک ہے۔ یہ عربی وفارسی کے بر عکس ہندی کی طرح ایک ہند آریائی زبان ہے جو برصغیر ہند میں پیدا ہوئی اور یہیں اس کی ترقی بھی ہوئی'۔