بہار میں کورونا وائرس کے 90 نئے مریضوں کی تصدیق
بہار کے 13 اضلاع میں کورونا وائرس سے مزید 90 لوگوں کے متاثر ہونے کے بعد ریاست میں متاثرین کی تعداد 7380 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت نے ہفتہ کے روز یہاں بتایا کہ دیر شب آنے والی مشتبہ مریضوں کے نمونوں کی جانچ رپورٹ میں ضلع اورنگ آباد سے 21 ، بانکا میں 18 ، سمستی پور میں 15 ، دربھنگہ میں 11 ، جہان آباد میں چھ ، سوپول میں پانچ ، مدھے پورہ اور پورنیہ میں چار، پٹنہ میں دو اور بھاگلپور،گوپال گنج، مظفر پور ویشالی میں ایک سمیت 90 افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونےکی تصدیق ہوئی ہے ، ان میں 14 خواتین بھی شامل ہیں۔ اس طرح سے بہار میں متاثرہ افراد کی کل تعداد بڑھ کر 7380 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق ، متاثرہ افراد میں بیشتردیگر ریاستوں سے آئے ہوئے لوگ ہیں، جنہیں اسکریننگ کے بعد بلاک سطح کے کوارنٹائن مراکز میں رکھاگیا تھا اور یہیں سے ان کا سیمپل جانچ کے لئے بھیجا گیا تھا۔ متاثرہ افراد کے رابطہ میں آنے والے لوگوں کو الگ تھلگ کردیا گیا ہے۔ہوم کوارنٹائن میں رہنے والے باہر سے آئے ہوئے لوگوں کا گھر گھر سروے کیا جارہا ہے۔