مرکزی حکومت کے ذریعہ راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ کے نام بدلنے کے بعد بحث و مباحثہ شروع ہو گیا ہے، کانگریس کے قدآور لیڈر و سابق مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ ڈاکٹر شکیل احمد نے مودی حکومت کے اس فیصلے پر کہا کہ بلا شبہ میجر دھیان چند بھارت کے ایک ممتاز ہاکی کھلاڑی رہے ہیں، مودی حکومت اگر چاہتی تو ان کے نام سے کچھ الگ چیزیں قائم کرتی تو اس کا استقبال پورا ملک کرتا، مگر مودی حکومت کی سطحی سوچ یہاں بھی واضح ہو گیا کہ انہوں نے راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ کا نام بدل کر لوگوں کو آپس میں تفرقہ کرنے کی کوشش کی ہے۔
ڈاکٹر شکیل احمد نے کہا کہ راجیو گاندھی نے کھیل و دوسرے شعبوں کے لئے جو کام کیا ہے وہ سب عیاں ہیں، مودی حکومت چاہتی ہے کہ راجیو گاندھی کا نام ہر جگہ سے مٹ جائے مگر راجیو گاندھی نے پنچایت سے لیکر اعلیٰ سطح تک جو کام کیا ہے وہ کبھی مٹنے والا نہیں ہے۔