بہار میں اب قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) میں بھی دراڑ پڑ گئی ہے اور لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) نے وزیر اعلی نتیش کمار کی قیادت میں انتخابات نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی درمیان ایل جے پی کے قومی صدر چراغ پاسوان نے کہا ہے کہ بہار میں اگلی حکومت بی جے پی کی قیادت میں بنے گی، جس میں ایل جے پی بھی شامل ہوگی اور پارٹی کے تمام اراکین اسمبلی وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں کام کریں گے۔
'تیجسوی یادو کو مبارک باد'
تیجسوی یادو کے وزیراعلیٰ امیدوار ہونے کے سوال پر چراغ پاسوان نے کہا کہ وہ میرے چھوٹے بھائی ہیں۔ میں ان کے لیے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ عوام کے سامنے جتنے آپشنز ہوں گے ریاست کے لیے اتنا ہی بہتر ہوگا۔ چراغ نے کہا کہ بہار کے لوگوں کو اس کا فیصلہ کرنا ہے کہ کون بہار کی بہتر ترقی کے لیے بہتر کردار ادا کرسکتا ہے اور کس کے ہاتھ میں ان کے بچوں کا مستقبل محفوظ رہے گا۔