شہر گیا میں بارش اور تیز دھوپ میں بھی ٹرافیک نظام کو بہتر ڈھنگ سے نفاذ کے لیے پولیس جوان چوک چوراہوں پر تعینات ہوں گے۔ اسکے لیے ایس ایس پی آدتیہ کمار نے شہر کے کاشی ناتھ موڑ، سکریہ موڑ اور موریہ گھاٹ موڑ پر پر ٹرافیک پولیس کے لیے کیبن بنوایا ہے تاکہ ہروقت پولیس جوان تعینات ہوں اور انہیں کھانے پینے کے لیے پولیس لائن جانا نہیں پڑے۔ بارش یا تیز دھوپ میں انہیں آس پاس کی دکانوں میں جاکر کھڑا نہیں ہونا پڑے اس کے لیے 10x10 کی کیبن بنائی گئی ہے جس میں پولیس جوانوں کے بیٹھنے کے لیے کرسی اور پینے کے لیے پانی کا گلین دستیاب ہوگا۔
ایس ایس پی آدتیہ کمار نے اس سلسلے میں ای ٹی وی بھارت اردو سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ٹرافیک پولیس کے لیے کیبن کاہونا بے حد ضروری ہے۔ پولیس کے جوانوں کی ڈیوٹی بہتر طریقے سے انجام پائے اسکے لیے ہرطرح کی کوشش جاری کی جارہی ہے۔ گزشتہ ماہ کافی بارش ہوئی جس میں انہوں نے پایا کہ بارش کی وجہ سے جوان ٹرافیک پوسٹ پر موجود نہیں رہ سکتے۔ ٹرافیک پولیس جوانوں میں خاتون پولیس جوان بھی شامل ہیں انہیں کئی مرتبہ دیکھا ہے کہ وہ ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے راستے پر ہی کھانا کھارہے ہوتے ہیں، کوئی بیمار ہو اور اسے کچھ دیر بیٹھنے کی ضرورت ہو تو انکے بیٹھنے کا انتظام نہیں تھا اسی لیے انہوں نے پولیس محکمہ کی طرف سے شہر کے متعدد مقامات پر کیبن بنوایا ہے۔ اب جوانوں کو بارش اور تیز دھوپ میں ڈیوٹی کرنے میں پریشانی نہیں ہوگی۔ وہ کیبن میں بیٹھ کر کھانا کھا سکتی ہیں۔ ٹرافیک پوسٹ پر افسران بھی بیٹھ کر ٹرافیک نظام کو بہتر بنانے کے لیے سسٹم کو دیکھ سکتے ہیں۔'