جب پوری دنیا میں کورونا وائرس پھیل رہا تھا تب ہمارے وزیر اعظم ٹرمپ کی خدمت میں لگے تھے، اس کے بعد مدھیہ پردیش کی حکومت گرانے میں لگ گئے۔ انہیں تو اس وقت بھی تمام جہازوں کو آنے نہیں دینا چاہیے تھا اور جو لوگ غیر ممالک سے آئے تو ان کی جانچ نہیں کی گئی، جس کے نتیجے میں کورونا وائرس ملک میں پہنچ گیا اور کروڑوں لوگوں کی زندگی خطرے میں پڑ گئی. وقت رہتے اگر احتیاط برتی جاتی تو آج دہلی، مہاراشٹر اور دیگر ریاستوں کا حال یہ نہیں ہوتا۔
ناکامی چھپانے کے لیے تبلیغی جماعت پر الزام تراشی : سابق رکن پارلیمان
راشٹریہ جنتا دل کے سینئر لیڈر و ارریہ کے سابق رکن پارلیمان سرفراز عالم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لیے سارا الزام تبلیغی جماعت کے سر تھوپ رہی ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے.
سرفراز عالم نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں مگر ایسے وقت میں بھی مرکزی حکومت سیاست سے باز نہیں آ رہی ہے اور ہندو مسلم کا جو ایجنڈہ ہے اس پر کام کر رہی ہے. سابق رکن پارلیمان نے مزید کہا کہ برسوں سے ہمیشہ غیر ممالک سے جماعت کے لوگ آتے ہیں اور ٹورسٹ ویزا پر آتے ہیں، کبھی اس طرح کی بات نہیں ہوئی، آج کیا وجہ ہے کہ حکومت اور میڈیا نے اسے ٹارگٹ بنا دیا ہے. جو زہر میڈیا اور حکومت نے بویا ہے اس کا نقصان ملک کو ہی اٹھانا پڑے گا. آج جانچ میں جماعت کے لوگوں کی رپورٹ منفی آ رہی ہے، یہ لوگ ہرگز کورونا پھیلانے والوں میں نہیں ہیں.
سرفراز عالم نے کہا کہ 'گودی میڈیا' اپنی ناپاک حرکتوں سے باز آئے اور جھوٹی خبر پھیلانا بند کرے. اس سے زیادہ ضروری ہے کہ جو بہاری مزدور غریب کاروباری دیگر ریاستوں میں بھوکے پیاسے ہیں، ان کی حکومت خبر گیری کرے، جو بچے دیگر ریاستوں میں پھنسے ہیں انہیں گھر پہنچایا جائے. ساتھ ہی مزدور تک کھانا دستیاب کرایا جائے. حکومت اب تک ایسے لوگوں تک راحت پہنچانے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے.