پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابات 2020 کے پہلے مرحلے کے لیے 28 اکتوبر کو 17 سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہونی ہے۔ انتخابی مہم کے آخری دن تمام سیاسی رہنما بھرپور طریقے سے انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ اسی درمیان پیاز کی آسمان چھوتی قیمتیں انتخابی موضوع بن گئی ہے۔ حزب اختلاف کے رہنما تیجسوی یادو پیاز کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کے مسئلے پر این ڈی اے حکومت پر سخت تنقید کررہے ہیں۔
تیجسوی یادو نے این ڈی اے پر تنقید کرتے ہوئےکہا ہے کہ ملک بھر میں پیاز کی قیمتیں 80 روپے سے تجاوز کرگئی ہے۔ لیکن این ڈی اے کا کوئی رہنما اس پر بات کرنے کو تیار نہیں ہے۔ یہی این ڈی اے یو پی اے حکومت میں پیاز کی قیمتوں میں اضافے پر ڈرامائی انداز میں سڑکوں پر نکلتے تھے۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ ہم نے پیاز کی مالا بنا رکھی ہے، اگر بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار مل جائے تو وہ یقینا یہ مالا انہیں پہنائیں گے۔
تیجسوی نے کہا کہ ملک بھر میں بے روزگاروں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ لوگوں کے پاس نوکریاں نہیں ہیں، لوگوں کے پاس کھانے کے لیے بھی کچھ نہیں ہے۔ افراط زر میں اس قدر اضافہ ہوا ہے کہ چھوٹے تاجر نوٹ بندی اور کورونا کے دوران ملک گیر سطح پر نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے تنگ آچکے ہیں اور ان کا کاروبار مکمل طور پر ختم ہوگیا ہے۔ حکومت غریبوں کو مستحکم کرنے کے بجائے انہیں اجاڑنے کی فراق میں ہے۔