ریاست بہار کے ضلع بھاگلپور میں جیویکا مہیلا گرام سنگٹھن کی جانب سے شاہ جنگی میں بنائے گئے ماسک پروڈکشن سنٹر میں جیویکا سے جڑی خواتین ماسک بنانےمیں مصروف ہیں۔
جیویکا مہیلا گرام سنگٹھن خواتین کو خود کفیل بنانے میں مصروف ان کے ذریعے تیار کردہ ماسک سبھی پنچائتوں کو دیا جائےگا جسے پنچائت کے مکھیا گاؤں کے لوگوں میں تقسیم کریں گے۔
جیویکا کی طرف سے تربیت یافتہ یہ خواتین اپنی اہلیت کے مطابق سو سے ڈیڑھ سو ماسک روزانہ تیار کر لیتی ہیں۔ماسک تیار کرنے کیلئے انہیں معاوضہ کے طور پر فی ماسک 5 روپیہ دیا جاتا ہے۔ اس لحاظ سے یہ عورتیں اچھی خاصی رقم دن بھر کی محنت میں کما لیتی ہیں۔ اس سے نہ صرف ان عورتوں کے گھروں کی مالی حالت اچھی ہو رہی ہے بلکہ وہ خود کفیل بھی بن رہی ہیں، 22 عورتیں ماسک بنانے کے کام سے جڑی ہیں۔
ان میں سے ایک درجن خواتین اس جیویکا سنٹر پرآکر کام کرتی ہیں جب کہ کچھ خواتین اپنے گھروں پر ہی ماسک تیار کر رہی ہیں۔ ماسک بنانے کےکام سے جڑی ان خواتین کو صفائی ستھرائی اور سماجی دوری برتنے کی خاص ہدایت دی گئی ہے۔ ساتھ ہی ماسک تیار کرنے کے بعد اسے سنیٹائز کیا جاتا ہے۔
ترنم جیویکا مہیلا گرام سنگٹھن کی جانب سے چلائے جا رہے اس ماسک پروڈکشن سنٹر سے جہاں خواتین کو روزگار مل رہا ہے وہیں اس ماسک کے ذریعے عالمی وبا کو روکنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے بہار رُورَل لائیولی ہوڈ پروجیکٹ جیویکا سنہ 2007 میں شروع کی گئی تھی اور اس جڑنے والی خواتین کو خود کفیل بننے اور اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے قرض دیا جاتا ہے اور دیگر طرح کے کاموں کیلئے ٹریننگ دی جاتی ہے۔اعداد وشمار کے مطابق اس پروجیکٹ کے ذریعے بہار کے 9 اضلاع کے 55 بلاک کے ساڑھے سات لاکھ گھروں کی خواتین کو خود کفیل بنایا گیا ہے۔