کھگڑیا: عظیم اتحاد کی جانب سے سی ایم امیدوار تیجسوی یادو انتخابی اجلاس سے خطاب کرنے کے لیے آج کھگڑیا پہنچے جہاں انہوں نے نتیش حکومت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے پربتہ اسمبلی حلقہ میں واقع بھگوان ہائی اسکول کے میدان میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کیا۔ تیجسوی نے اپنے خطاب میں شراب بندی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار کی شراب بندی پوری طرح سے ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے عظیم اتحاد کے امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ اگر ان کی حکومت بنی تو کابینہ کے پہلے اجلاس میں 10 لاکھ نوجوانوں کو بیک وقت روزگار دیا جائے گا۔ پنشن کی رقم کو بڑھا کر 400 سے 1000 کردیا جائے گا۔ تعلیم اور صحت کے نظام میں بہتری لائی جائے گی۔
عظیم اتحاد کی جانب سے سی ایم امیدوار نے کہا کہ نتیش کمار کے دور حکومت میں ریاست میں بدعنوانی زوروں پر ہے۔ تھانے اور بلاک میں رشوت کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا ہے۔ حکومت نے شراب بندی پر جو قانون نافذ کی ہے وہ مکمل طور پر فیل ہے۔ نتیش کی حکومت میں چوہے بھی شراب پیتے ہیں۔ غور طلب ہے کہ کھگڑیا میں دوسرے مرحلے میں ووٹنگ ہونی ہے۔ یہاں 3 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔
مزید پڑھیں:بہاراسمبلی انتخابات: پہلے مرحلہ کی تشہیری مہم ختم، ووٹنگ 28 کو
خیال رہے کہ بہار اسمبلی انتخابات 2020 کی تاریخوں کا اعلان ہوچکا ہے۔ تین مرحلے میں انتخابات ہوں گے، پہلے مرحلے میں 71 سیٹوں پر 28 اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی، جبکہ دوسرے مرحلے میں 91 سیٹوں کے لیے 3 نومبر کو ووٹنگ ہوگی اور تیسرے مرحلے میں 78 سیٹوں کے لیے 7 نومبر کو ووٹنگ ہوگی ہے اور 10 نومبر کو نتائج کا اعلان ہوگا۔