اردو

urdu

ETV Bharat / city

بہارقانون ساز کونسل کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی - اراکین اسمبلی زخمی ہوئے

بہار قانون ساز کونسل میں اپوزیشن کا ہنگامہ، کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔

bihar assembly session adjourned indefinitely proceedings
bihar assembly session adjourned indefinitely proceedings

By

Published : Mar 24, 2021, 7:38 PM IST

پٹنہ: بہار کونسل میں کانگریس اور راشٹریہ جنتادل ( آر جے ڈی ) اراکین نے اسمبلی اور کونسل احاطہ میں کل اپوزیشن اراکین کے ساتھ پولیس کے ذریعہ مار پیٹ کیے جانے کے خلاف آج زبردست شورو غل اور نعرے بازی کی، جس کی وجہ سے ایوان کی کاروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی۔

کار گذار چیئرمین اودھیش نارائن سنگھ کے بدھ کو نشست پر بیٹھتے ہی کانگریس کے پریم چندر مشرا نے تحریک التواءکے ذریعہ اس معاملے کو اٹھایا۔ انہوں نے کہاکہ کل اسمبلی اور کونسل احاطہ میں جو کچھ واقعات رونما ہوئے وہ اپنے آپ میں شرمناک اور جمہوریت کے لیے ایک سیاہ باب کی طرح ہے۔

کانگریس لیڈر نے کہاکہ ملک کی کئی ریاستوں میں بھی اسمبلیوں میں کئی بار ایسے واقعات ہوچکے ہیں لیکن بہار اسمبلی اور احاطہ کے اندر جس طرح سے ریپڈ ایکشن فورس اور دیگر پولیس جوانوں کو داخل ہونے کی اجازت دی گئی اور اختلاف رائے رکھنے والے اپوزیشن اراکین اسمبلی پر ایوان کے اندر اور احاطے کے اندر شرمناک طریقے سے طاقت کا استعمال کیا گیا یہ جمہوریت کے لیے خاص کر معزز اراکین کے لیے نہ صرف افسوسناک اور توہین آمیز رہا بلکہ کونسل کے لیے ایک سیاہ باب کی طرح ہے۔

مسٹر مشرا نے کہاکہ کسی بھی صورت میں اراکین اسمبلی کے ساتھ پولیس اور افسران کے ذریعہ مار پیٹ کرنا اور ان پر جوتوں سے حملہ کرنا ایک ناقابل معافی جرم کے مترادف ہے۔ کانگریسی رکن اسمبلی سنتوش کمار مشرا کو اور آرجے ڈی کی خاتون اراکین اسمبلی کے ساتھ دیگر اپوزیشن اراکین اسمبلی کو پولیس کے جوانوں اور افسران کے ذریعہ مارا پیٹا گیا ہے۔ اس کے بعد انہیں گھسیٹا گیا اور انہیں جس طرح سے باہر پھینکا گیا وہ ملک اور بہار کی جمہوریت کے لیے بدنما داغ ہے اور ریاستی حکومت کے کام کرنے کے طریقہ کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ کئی اراکین اسمبلی زخمی ہوئے ہیں اور انہیں علاج کی ضرورت بھی پڑی ہے۔

کانگریس لیڈر کے اتنا کہتے ہی آرجے ڈی اور کانگریس کے اراکین اپنی۔ اپنی سیٹوں کے سامنے کھڑے ہوکر زور۔ زور سے بولنے لگے۔ اپوزیشن اراکین حکومت مخالف نعرے بھی لگانے لگے۔ تبھی اپوزیشن اراکین نے چوڑی دکھاتے ہوئے ایوان کے درمیان آکر نعرے بازی شروع کر دی۔ شوروغل اور نعرے بازی کے درمیان ہی حزب اقتدار جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو ) کے سنجے سنگھ نے کہاکہ یہ معاملہ اسمبلی کا ہے تو کونسل میں کیوں اٹھا یا جا رہا ہے۔

جے ڈی یوکے ہی نیرج کمار نے اپوزیشن اراکین کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ ان کا سیاسی سنسکار اسی طرح کا ہے۔ شورو غل کی وجہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے سنجے میوخ کی باتین سنی نہیں جاسکی ۔ کارگذار چیئر مین نے اپوزیشن اراکین کے شوروغل اور ہنگامے کو دیکھتے ہوئے کاروائی کو صرف پانچ منٹ کے بعد ہی غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دیا۔

یو این آئی

ABOUT THE AUTHOR

...view details