پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابات کے لیے عظیم اتحاد کے بعد این ڈی اے نے بھی سیٹوں کی تقسیم پر حمتی فیصلہ لے لیا۔ وزیر اعلی نتیش کمار نے کہا کہ ان کی پارٹی جے ڈی یو 122 نشستوں پر الیکشن لڑے گی۔ اس میں سے سات سیٹیں جیتن رام مانجھی کی پارٹی ہندوستانی عوامی مورچہ 'ہم' کو دی جائیں گی۔ اسی کے ساتھ ہی بی جے پی 121 سیٹوں پر مقابلہ کرے گی۔ جن میں سے پانچ نشستیں مکیش سہنی کی پارٹی وی آئی پی کو دی جائیں گی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نتیش کمار نے کہا کہ ہم این ڈی اے کا اتحادی ہیں۔ اس میں بات چیت ہوچکی ہے۔ نشستوں کی فہرست بھی جاری کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے اپنی حکومت کے کام کاج کی تفصیلات بھی بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انصاف کے ساتھ ترقی کی ہے۔ ہر علاقےمیں سڑکیں اور بجلی کی سپلائی میں بہتری آئی ہے۔
نتیش کمار نے کہا کہ ہم بہار کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ بہت سارے لوگ غیرضروری باتیں کرتے ہیں۔ میں ان کی پرواہ نہیں کرتا۔ یہاں تک کہ 15 برس قبل بھی دوسرے لوگوں کو موقع ملا، جس دوران کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا، بہار کی کیا حالت تھی، وہ سب جانتے ہیں، ہم نے ہمیشہ انصاف کے ساتھ ترقی کی بات کہی۔
اس سے قبل ریاستی بی جے پی صدر سنجے جیسوال نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بہار میں این ڈی اے رہنما نتیش کمار ہیں، نتیش کمار کی سربراہی میں بہار اتحاد میں سب کچھ ہو رہا ہے۔ بی جے پی نتیش کمار کی قیادت کو پوری طرح قبول کرتی ہے۔ ہم ان کی قیادت کو قبول کرنے والے این ڈی اے اتحاد میں رہیں گے۔ بی جے پی انہیں وزیر اعلی بنانے کی پوری کوشش کرے گی اور ہم نتیش کمار کی سربراہی میں تین چوتھائی اکثریت سے حکومت بنائیں گے۔