بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے ریاست میں آسمانی بجلی کی وجہ سے 8 اضلاع میں 26 افراد کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے تمام ضلعی کلکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ متوفی کے اہل خانہ کو چار۔چار لاکھ روپے دیں۔ ساتھ ہی انہوں نے لوگوں سے بھی خراب موسم میں ہوشیار رہنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خراب موسم میں طوفان سے بچنے کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ تجاویز پر عمل کریں۔
سمستی پور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع کے روسڑا تھانہ علاقہ کے بٹہا گاﺅں میں بجلی گرنے سے 12 برس کے دیپک کمار، نو برس کے سونو کمار، اور 28 برس کے رودل پاسوان کی موت ہوگئی۔
وہیں سمستی پور کے ہی مسری گھراری تھانہ علاقہ کے لاٹ بسے پورہ گاﺅں میں بھی بجلی گرنے سے دو برس کے انکت کمار کی موت ہوگئی۔ اسی طرح مفصل تھانہ علاقہ کے بھوئی دھارا گاﺅں میں بجلی گرنے سے 32 برس کے سریش مہتو اور پوسا تھانہ علاقہ کے مور سانڈ گاﺅں میں 77 برس کے کسان رام پرتاپ مہتو کی بھی موت ہوگئی ہے۔
دارالحکومت پٹنہ کے دلہن بازار تھانہ علاقہ میں بجلی گرنے کے تین مختلف واقعات میں پانچ لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے۔
سرکونا گاﺅں میں بجلی گرنے سے 59 برس کے جُھن جُھن یادو اور 29 برس کے مکیش یادو کی موت ہوگئی۔
اسی طرح جی آئی ڈی گاﺅں میں بجلی گرنے سے 21 برس کے رانی دیوی اور 55 برس کی سولوچنا دیوی کی موت ہوگئی، وہیں سورم پور گاﺅں میں آسمانی بجلی سے 15 برس کی نیتو کماری کی بھی موت ہوگئی۔