اس ادارے میں دور دراز سے آنے والے حضرات اس مقصد سے آتے ہیں کہ یہاں آکر وہ اللہ کی یاد میں مصروف رہیں ، ذکر و اذکار کریں، تسبیحات اور نماز پڑھنے کا مزاج بنائیں۔
جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر میں سالانہ اجلاس اجلاس عام میں ریاست و بیرون ریاست سے ہزاروں کی تعداد میں زائرین پہنچے اور علماء کرام کے بیانات سے مستفیض ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے کہا کہ یہ وقت بڑا نازک ہے، لوگ اللہ سے لو ہٹا رہے ہیں، ذکر و اذکار سے دوری بنا رہے ہیں، تہجد سے غافل ہو رہے ہیں، ضرورت مندوں کے کاندھے سے کاندھا ملا کر نہیں چل رہے، جس کی وجہ سے آج ہم پستی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ دنیا کی تمام فلاح و کامیابی اللہ کے رسی کو مضبوطی سے تھامنے میں ہے۔
دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ حدیث حضرت مولانا شمشاد رحمانی نے کہا کہ جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر کا فیض اس وقت پوری دنیا میں جاری و ساری ہے، قطب عالم حضرت مولانا محمد علی مونگیری اور امیر شریعت رابع حضرت مولانا سید منت اللہ رحمانی نے رشد و ہدایت اور تذکیر نفس کے خاطر جس ادارے کو قائم کیا آج اسی نہج پر موجودہ سجادہ نشیں حضرت مولانا سید ولی رحمانی عمل پیرا ہیں۔
امارت شرعیہ کے نائب ناظم مولانا مفتی سہراب ندوی نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ استغفار کا ورد کثرت سے کرے، فضول کی باتوں سے پرہیز کرے۔ اس سے قبل اجلاس کا آغاز قاری محمد نظام الدین رحمانی استاذ جامعہ رحمانی مونگیر کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، نعت پاک منظر قاسمی نے پیش کیا اور جامعہ رحمانی کا ترانہ مولانا ضیاء الدین رحمانی نے پیش کیا۔