ریاست بہار کے ضلع کیمور میں ادھورا بلاک میں 85 دیہات ایسے ہیں جہاں موبائل نیٹ ورک کا نام و نشان نہیں ہے، پھر بھی بہار میں سیاسی جماعت ورچوئل ریلیاں منعقد کر رہی ہیں۔
لوگوں کے پاس موبائل فون تو ہیں لیکن ان کے پاس نیٹ ورک نہیں رہتا ہے، ادھورا بلاک کے دگدھا، ساروداگ، لوہرا، جھپڑا اور ادھورا میں صرف پانچ مقامات پر بی ایس این ایل کا جی پی ایس موبائل نیٹ ورک دستیاب ہے۔ ضلع کے رکن پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ چار رکن اسمبلی بی جے پی پارٹی کے ہونے کے باوجود یہاں ترقی نہیں کراسکے ہیں۔
بی ایس این ایل آفس کے مطابق تقریبا 2 برس پہلے بی جے پی سے رکن پارلیمنٹ چھیدی پاسوان کے نجی فنڈ سے ادھورا میں ایل ڈبلیو ای منصوبے کے تحت 82 دیہاتوں کو موبائل نیٹ ورک فراہم کرنے کے لیے کچھ کام کرایا گیا تھا، لیکن آج تک اس سمت میں کوئی مثبت اقدام نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ادھورا بلاک موبائل نیٹ ورک سے ابھی تک محروم ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ادھورا بلاک اور چین پور بلاک کے کچھ حصے نکسل سے متاثر ہیں۔ ضلع کے بہت سے سیاحتی مقامات بھی اسی علاقے میں ہیں جیسے تلہارکنڈ، کارکٹ گڑھ اس کے باوجود اس علاقے میں ترقی نہیں کرائی جاسکی ہے۔
مقامی باشندوں کے مطابق ان کے پاس موبائل تو ہے لیکن نیٹ ورک نہیں ہے جس کی وجہ سے گاؤں میں صرف موبائل سے گانا سنتے ہیں اور جب کسی کو بات کرنی ہوتی ہے تو اسے 15 کلومیٹر کا سفر طے کرکے ادھورا بلاک ہیڈ کوارٹر جانا پڑتا ہے جس کے لیے انہیں پہاڑ سے گزرنا پڑتا ہے۔