ریاست بہار کے ضلع گوپال گنج میں بالمیکی نگر براج سے مسلسل پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے ضلع گوپال گنج میں چھ بلاک کے 52 دیہی گاوں کی تقریبا 25 ہزار کی آبادی متاثر ہوئی ہے۔
گوپال گنج کے متعدد گاؤں سیلاب سے متأثر ان دیہی علاقوں میں سیلابی پانی کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہورہا ہے، جس کی وجہ سے متاثرہ لوگوں میں کچھ لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں جبکہ زیادہ تر لوگ سیلابی پانی کے درمیان اب بھی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ تاہم ان افراد تک انتظامی سہولیات ابھی تک نہیں پہنچ پائی ہے۔
دراصل بالمیکی نگر براج سے مسلسل پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے گنڈک ندی کے آبی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
گنڈک ندی کے آبی سطح میں تیزی سے اضافہ کی وجہ سے دیارا کے علاقے کے لوگوں میں تشویش اور پریشانیاں بھی بڑھتی جارہی ہیں، خطرے کے نشان سے 8 میٹر اوپر سے بہنے کی وجہ سے انتظامی سطح پر ہائی الرٹ جاری ہے۔
گزشتہ 5 دن سے پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔پانی کی سطح میں اضافے کی وجہ سے ندی کا پانی کوچائے کوٹ، برولی، گوپال گنج، سدھولیا اور بیکنٹھ پور کے علاوہ ماجھا بلاک کے متعدد دیہاتوں میں بھی پھیلنے لگا ہے، منگل کی صبح بالمیکی نگر بازار سے 339000 کیوسک پانی چھوڑا گیا۔جس کی وجہ سے ندی میں پانی کے بہاؤ کی رفتار زیادہ تیز ہونے کے ساتھ ساتھ پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔