ریاست اتر پردیش کے شہر نوئیڈاکے سیکٹر 45 میں چند ایام قبل ایک نوجوان کی جانب سے پولیس کی وردی پہنے ہوٹل کے کارکنوں کے ساتھ بدسلوکی کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ اس کے بعد اتر پردیش نوئیڈا کوتوالی سیکٹر 39 پولیس نے تحقیقات کے بعد جعلی پولیس بن کر ہوٹل ملازمین پر رعب دکھانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم سے پولیس کی وردی، بیلٹ، بیج اور جعلی نمبر پلیٹ لگی موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
دراصل نوجوان پولیس وردی میں سیکٹر 45 کے ایک ہوٹل میں پہنچا اور مفت کھانا کھانے لگا۔ اس دوران جب ہوٹل کے عملے نے احتجاج کیا تو نوجوان نے ہوٹل کے کارکنوں کے ساتھ بدسلوکی کی اور خود کو کرائم برانچ میں تعینات آفیسر بتایا۔
اس دوران کسی نے جعلی پولیس والے کی ویڈیو بنائی اور اسے سوشل میڈیا پر وائرل کردیا۔ ویڈیو میں نوئیڈا پولیس سے ملزم نوجوان سے تفتیش کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
اس معاملے میں کوتوالی سیکٹر 39 پولیس نے تحقیقات کے بعد چھلیرا گاؤں سے سوندریہ عرف سوربھ کو گرفتار کیا۔