ملک میں کورونا وائرس کے اثرات کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مکمل طور سے 21 دنوں کے لیے لاک ڈاون کردیا گیا ہے جس کا آج تیسرا دن ہے۔
لاک ڈاؤن کے سبب سیکڑوں یومیہ مزدوروں کی معاشی صورت حال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے جس کی وجہ سے زیادہ تر لوگ سیکڑوں کلومیٹر تک پیدل ہی سفر کرکے اپنی منزل کی جانب بھوکے اور پیاسے ہجرت کر رہے ہیں۔
نوئیڈا انتظامیہ نے راہگیروں کے لیے بسوں کا انتظام کیا جب اس قسم کی خبریں ہر طرف گردش کرنے لگی تو انتظامیہ حرکت میں آئی اور نوئیڈا کے ضلع مجسٹریٹ بی این سنگھ کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے افسران ایسے تمام راہگیروں کو امداد فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
رات ساڑھے بارہ بجے پری چوک پر ایڈیشنل مجسٹریٹ ابھے کمار سنگھ اور تحصیلدار جیور درگیش سنگھ نے راہگیروں کے لیے بسوں کا انتظام کرکے انھیں انکے منزل مقصود کی جانب روانہ کیا۔
اور دوسری طرف نائب تحصیلدار صدر اکھلیش کمار نے یمنا ایکسپریس وے پر اپنی نائٹ ڈیوٹی کے دوران راہگیروں کو کھانا اور پانی فراہم کرنے کا کام کیا ہے۔
ضلعی مجسٹریٹ بی این سنگھ اپنے ماتحت افسران کو مستقل طور پر ہدایات دے رہے ہیں کہ وہ عام شہریوں کو کھانے پینے کی تمام اشیاء اور ضروری اشیا کی فراہمی کو برقرار رکھیں تاکہ ضلع کے تمام رہائشیوں کو کورونا وائرس سے بچایا جاسکے۔
ایس ڈی ایم صدر پرسون دیویدی اور تحصیلدار الوک پرتاپ سنگھ نے پیدل سفر کرنے والے راہگیروں کو کھانا مہیا کرایا جس کے بعد پولیس نے بسوں کا انتظام کر کے انہیں ان کی منزل کی جانب روانہ کیا۔
اس گھڑی میں نوئیڈا و گریٹر نوئیڈا ضلعی انتظامیہ کے اہلکار جنگی پیمانے پر آپریشنل کارروائی کرتے ہوئے عام لوگوں کو ریلیف پہنچا رہے ہیں۔