اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر کے عام آدمی پارٹی کے ضلع صدر بھوپیندر جدون نے سیکٹر 29 نوئیڈا میں واقع پریس کلب میں صحافیوں سے خطاب کیا جس میں انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا اور یمنا اتھارٹی کے متاثرین کسانوں کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کے کسانوں کا بنیادی مطالبہ یہ ہے کہ ان کے زمین کے معاوضہ میں اضافہ کیا جائے اور جن علاقوں کی زمینی یا آبادی کے لحاظ سے جیسی صورتحال ہے وہ بر قرار ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی گاؤں میں نقشہ کی پالیسی کو نافذ نہ کرنے کے مطالبے کی حمایت کرتی ہے۔
ضلع کے کسانوں کو کسی بھی طرح کی کوئی پریشانی ہوگی تو عام آدمی پارٹی سب سے پہلے کسانوں کے ساتھ کھڑی ہو گی۔
جدون نے کہا کہ کل نوئیڈا کے رکن اسمبلی پنکج سنگھ نے فصیح و بلیغ تقریر کر کے کسانوں کو خوش کرنے کی کوشش کی تھی۔ رکن اسمبلی بھی وزیراعظم کی طرح پُر اعتماد ہوکر جھوٹ بول رہے تھے۔ ضلع کے تمام عوامی نمائندوں نے کسانوں کو دھوکہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے 6 گاؤں کو اجاڑ دیا گیا۔ان گاؤں کے 3000 خاندان بے گھر ہوئے ہیں،نقل مکانی کے دوران جنہوں نے اپنی آنکھوں کے سامنے پرانے گاؤں کو زمیں دوز ہوتے دیکھا ہے۔اب ان کی زندگی جہنم بن چکی ہے۔