اتر پردیش کے صنعتی شہر نوئیڈا کی سڑکوں پر کھلے عام بھارتیہ جنتا پارٹی یووا مورچہ کے نومنتخب ضلعی صدر راج ناگر اور ان کے حامیوں نے ہائی وے پر گھنٹوں ہنگامہ کیا۔ نوئیڈا میں ان دنوں دفعہ 144 نافذ ہے، کووڈ پروٹوکول پر بھی عمل نہیں کیا گیا، آلودگی ایکٹ اور نیشنل گرین ٹریبونل کی بھی خلاف ورزی کی گئی اور عوام گھنٹوں سڑکوں پر پڑے رہے۔ اس دوران پولیس تماشائی بنی رہی۔
دادری علاقے میں قومی شاہراہ پر بی جے پی کے حامیوں کا ایک ہجوم گھنٹوں پٹاخے جلاتا رہا۔ ڈھول پیٹے گئے اور قومی شاہراہ پر طویل ٹریفک جام رہا۔ جس کی وجہ سے ہزاروں لوگوں کو گھنٹوں ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔ لوگ پریشان تھے۔ بڑی بات یہ ہے کہ اس وقت پولیس نے پورے گوتم بدھ نگر ضلع میں دفعہ 144 نافذ کر رکھا ہے۔
گریٹر نوئیڈا کے بی جے پی قائدین نے بھی راج ناگر کا دھوم دھام سے استقبال کیا۔ یووا مورچہ کے صدر راج ناگر بڑی تعداد میں کاروں کے قافلے کے ساتھ باہر آئے۔ جی ٹی روڈ دوجانہ گاؤں کے مرکزی دروازے پر ان کا استقبال کیا گیا۔ کاروں کا قافلہ سڑک کے درمیان میں کھڑا تھا۔ قافلے کو روک کر ڈھول کے ساتھ رقص کیا گیا۔ آتش بازی کی گئی۔ COVID-19 پروٹوکول پر عمل نہیں کیا گیا۔ وبائی ایکٹ کی واضح خلاف ورزی ہوئی۔ اس کے علاوہ دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔