دور حاضر میں اعلیٰ تعلیم کی اہمیت و افادیت کو دیکھتے ہوئے اور تعلیم مکمل کرلینے کے بعد بہتر روزگار کے مواقع اس موضوع پر دسویں، بارہویں اور گریجویشن کے کامیاب طلبہ کے لیے مالیگاؤں اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (ایم ایس او) کے زیر اہتمام بروز ہفتہ 4 ستمبر کو رات میں 9 بجے ایک کیرئیر گائیڈنس گوگل میٹ کے ذریعے آن لائن طرز پر وبینار منعقد کیا گیا ہے۔
کیریئر گائیڈنس وبینار میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کررہے شہر مالیگاؤں سے تعلق رکھنے والے ریسرچ اسکالرز کو بطور اسپیکر مدعو کیا گیا ہے۔ ریسرچ اسکالر طوبیٰ مومن کا ”مائکرو بایولوجی فیلڈ میں کیرئیر کے مواقع اور سائنس میں گریجویشن“ عنوان پر لیکچر رہے گا۔ ریسرچ اسکالر عبداللہ انصاری ” آئی آئی ٹی اداروں سے گریجویشن سے لیکر پی ایچ ڈی تک کی تعلیم اور تحقیقی مواقع“ عنوان پر رہنمائی فرمائیں گے۔ ساجد نعیم ”دسویں، بارہویں اور گریجویشن کے بعد اعلیٰ تعلیم اور بہتر روزگار کے مواقع“ کے عنوان پر معلومات فراہم کریں گے۔
طوبیٰ مومن امریکہ کی معروف یونیورسٹی ڈے ٹان سے مائیکرو بائیولوجی فیلڈ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کررہی ہیں۔ انہوں نے گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن مائیکرو بایولوجی سبجیکٹ میں اعظم کیمپس سے مکمل کیا۔ بعد ازاں نیشنل ایڈز ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں بطور ریسرچ اسسٹنٹ خدمات انجام دیں۔ انہیں مالیگاؤں کی پہلی مائیکرو بائیولوجسٹ خاتون ہونے کا شرف حاصل ہے۔
حافظ عبداللہ انصاری ہندوستان کے نامور تحقیقی و تعلیمی ادارہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (دہلی) سے جیو ٹیکنیکل ارتھ کوئک انجینئرنگ فیلڈ میں ڈاکٹریٹ کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
ساجد نعیم ہندوستان کی معروف ساوتری بائی پھولے پونے یونیورسٹی (پونے) سے ایڈوانس انرجی اسٹوریج ڈیوائیسس فیلڈ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری میں زیر تعلیم ہیں۔