اتراکھنڈ کے ضلع اودھم سنگھ نگر میں واقع غیر مستقل جیل سے فرار کورونا متاثر دوسرے سزا یافتہ قیدی کو پولیس نے بدھ کے روز اترپردیش کے ضلع سنبھل سے گرفتار کر لیا، جبکہ نیپالی شہری تیسرا سزا یافتہ قیدی ابھی بھی فرار ہے۔
پولیس نے بتایا کہ قتل کا ملزم آنند کمار عرف کیشورام کو یو پی کے ضلع سنبھل کے سِروہی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ وہ مرادآباد کے کٹھگھر تھانہ حلقے کے گاؤں مچھریا کا باشندہ ہے اور اتراکھنڈ کے ڈی ڈی ہاٹ میں ہوئے قتل کے جرم میں سزا کاٹ رہا ہے۔ اسے اودھم سنگھ نگر ستار گنج واقع سمپورنانند سینٹرل جیل میں رکھا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم جرائم کا عادی ہے اور اس نے اپنی ماں کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ اس کے خلاف مرادآباد کے کٹھگھر تھانے میں قتل کا مقدمہ درج ہے۔ جیل سے فرار ہونے کی خبر سے اس کے اہل خانہ اور سسرال کے لوگ بھی خوفزدہ تھے۔
پولیس نے بتایا کہ آنند اور دیگر دو سزا یافتہ قیدیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد تینوں کو رودرپور واقع جواہرلعل نہرو ضلع اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ اسپتال میں متاثر قیدیوں کے لیے غیر مستقل جیل بنائی گئی تھی۔ 26 ستمبر کو تینوں قیدی باتھروم کا روشن دان توڑ کر فرار ہو گئے۔
اس واقعہ کے بعد پولیس نے پنت نگر میں دفعہ 224, 188, 270, 271, 427 اور ڈیزاسٹر مینیجمنٹ ایکٹ کی شق 51-بی اور وبا قانون کے تحت مقدمہ درج کرکے قیدیوں کی تلاش شروع کر دی۔ بالآخر پولیس کو آج کامیابی ہاتھ لگی۔
قبل ازیں پولیس نے ایک دیگر قیدی گورو کمار عرف گوپال کو جنوبی دہلی کے سبھاش کیمپس سے گرفتار کر لیا تھا۔ وہیں نیپال کا تیسرا قیدی دیویندر دھنک عرف دیپک ولد ہری بہادر فرار ہے اور وہ نیپال کے بجانگ کا رہنے والا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ وہ فرار ہوکر نیپال بھاگ گیا ہے۔
سینیئر پولیس افسر دلیپ سنگھ کنور نے گرفتاری عمل میں لانے والی ٹیم کو 2500 روپیے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔