بہار کے مشرقی چمپارن ضلع میں موجود مشہور تعلیمی درسگارہ جامعہ امام ابن تیمیہ چندنبارہ کے بانی، مفسرقرآن، سیرت نگار ڈاکٹر محمد لقمان السلفی کی حیات وخدمات پر ابنائے تیمیہ کے زیر اہتمام دو روزہ ورچوول کانفرنس کا اختتام ہوگیا۔ جس میں ملک وملت کی اہم شخصیات نے لقمان السلفی کی خدمات کے تئیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اس کانفرنس میں یہ طے پایا کہ ڈاکٹر محمد لقمان السلفی کے نام سے سالانہ علمی وتعلیمی تفوق ایوارڈ کا آغاز کیا جائے گا۔ پروگرام کئی نشستوں میں منعقد ہوا۔
رئیس جامعہ امام ابن تیمیہ ڈاکٹر عبداللہ بن محمد لقمان السلفی نے کہا کہ مولانا لقمان السلفی ہمیشہ دعوت اسلام کے لئے کوشاں رہتے تھے، جامعہ امام ابن تیمیہ کی شکل میں انہوں نے جو شجر لگایا ہے، اس کے سایے میں اسلام کی اشاعت کے لئے کام کیا جاتا رہے گا۔
صدر مجلس ڈاکٹر صہیب حسن نے کہا کہ جامعہ امام ابن تیمیہ کی بنیاد اپنے آپ میں ایک بہت بڑا کام ہے جس کو فرد واحد ڈاکٹر لقمان السلفی نے کیا ہے، جامعہ امام ابن تیمیہ ایک ایسی وراثت ہے جس کا مقابلہ کوئی درہم ودینار سے نہیں کیا جاسکتا۔
مولانا شمشاد رحمانی نائب امیر امارت شرعیہ بہار و جھارکھنڈ، واڑیسہ نے کہا کہ ڈاکٹر محمد لقمان السلفی کی شخصیت عالمی شخصیت تھی اور ان کی زندگی جہد مسلسل سے عبارت تھی۔
وہیں پروفیسر اخترالواسع صدر مولانا آزاد یونیورسٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالم اسلام کے ان چند لوگوں میں سے ایک تھے جو ہمہ جہت خوبیوں کے مالک تھے جن کے دم قدم سے ملک وملت اور انسانیت کو فیض پہنچتا ہے۔