مشرقی چمپارن: بہار کے سرحدی علاقہ مشرقی چمپارن کے چندن بارہ میں واقع عالمی شہرت یافتہ جامعہ امام ابن تیمیہ کے بانی اور مفسر قرآن علامہ ڈاکٹر محمد لقمان السلفی کی حیات و خدمات پر دو روزہ ورچول کانفرنس کا آغاز 27 اگست (بروز جمعہ) شام ساڑھے چار بجے منعقد ہوگی۔ اس کی سرپرستی رئیس جامعہ ڈاکٹر عبد اللہ محمد لقمان السلفی کریں گے۔
ابنائے جامعہ امام ابن تیمیہ کی جانب سے جاری بیان میں کنوینر ڈاکٹر محمد شیث ادریس تیمی نے کہا کہ اس ورچوئل کانفرنس میں مفسر قرآن ڈاکٹر محمد لقمان کی حیات و خدمات اور تعلیم و تربیت اور قومی یک جہتی کے فروغ میں جامعہ امام ابن تیمیہ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور ملک وبیرون ملک تعلیمی و تربیتی اور انسانی خدمات انجام دینے والے تیمی اخوان و اخوات مقالات پیش کریں گے۔
افتتاحی اجلاس کی صدارت مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی فرمائیں گے۔
ڈاکٹر محمد شیث ادریس تیمی نے مزید کہا کہ علامہ ڈاکٹر محمد لقمان سلفی رحمہ اللہ (1943-2020) اپنی ذات میں ایک انجمن تھے۔ مشرقی چمپارن بہار کی مردم خیز بستی چندن بارہ میں پیدا ہونے والے علامہ ڈاکٹر محمد لقمان سلفی بیک وقت مفسر و محدث اور فقیہ و ادیب اور دورِ حاضر کے ممتاز سیرت نگاروں میں سے ایک تھے۔
انہوں نے مختلف موضوعات پر 50 سے زائد یادگارتصنیفات و تالیفات چھوڑی ہیں۔ ان میں ان کے قلم سے نکلنے والی عالمی شہرت یافتہ تفسیر قرآن مجید " تیسیر الرحمان لبیان القرآن " ان کا اہم شاہکار ہے۔